۷ عام غلطیاں جن کی وجہ سے آپ کا گھر بے ترتیب لگتا ہے اور ان کے حل

Resham Ejaz Resham Ejaz
metamorfoza (salon kuchnia) 30m2 Lublin, Auraprojekt Auraprojekt Living room
Loading admin actions …

چھوٹے گھر میں رہنا ایک صبر آزما کام ہو سکتا ہے اور یہ وہ چیلنج ہے جو ہم میں سے زیادہ تر کو قبول کرنا پڑتا ہے۔ گھروں کے مسلسل چھوٹے ہوتے سائز کی وجہ سے ہم الجھ جاتے ہیں اور جب ہم گھر میں اپنا سب سامان فٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو سب بکھر جاتا ہے۔ مگر یہ بہت اہم ہے کہ آپ کا گھر آرام دہ اور کشادہ لگے۔ یہ کہنا آسان ہے مگر کرنا اتنا آسان نہیں۔ چاہے یہ آپ کے فرنیچر کی ترتیب ہو، درست قسم کی روشنی چننا ہو یا ایسے رنگ چننے ہوں جو گھر کو نئی وضع دیں، اس سب کے لیے کچھ معلومات ضروری ہیں۔

آج ہم ان عام مسائل کو حل کرنے کے لیے چند عملی تراکیب دیکھیں گے جو آپ کو گھر کی سجاوٹ کے دوران پیش آتے ہیں تا کہ آپ جگہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر سکیں۔ تو چلیے شروع کرتے ہیں اور وہ تمام معلومات حاصل کرتے ہیں جو چھوٹے گھروں کو حسین بنانے کے لیے لازمی ہیں۔

۱۔ گھر خالی کرنے کا وقت ہے

کبھی کبھار ہم ایک کمرے میں بہت سا سامان گھسا دیتے ہیں۔ سامان سے بھری جگہوں کے ساتھ، چاہے وہ ہمارے کچن کا کاؤنٹر ہو یا لاؤنج کے سوفے، آپ کا گھر بے ترتیب اور اجڑا اجڑا لگتا ہے۔ یہاں آپ کا پہلا انتخاب سامان رکھنے کی مزید جگہ بنانا ہونا چاہیے۔ اس امر کو یقینی بنائیں کہ آپ کی الماریاں منظم ہوں۔ اہم سامان کے رکھے جانے کے لیے مستقل جگہیں بنائیں اور ہو سکے تو اپنے گھر میں ایک اور الماری یا کچھ درازوں کا اضافہ کریں۔ یہ مکمل کرنے کے بعد مشکل حصہ شروع ہوتا ہے، باقی ہر شے سے نجات حاصل کرنا۔ یہ ہمیشہ ایک اچھی تجویز رہی ہے کہ آپ وقفے وقفے سے اپنے سامان کا جائزہ لیں، جن چیزوں کی آپ کو ضرورت نہیں وہ باہر نکالیں اور انہیں بیچ دیں یا کسی کو دے دیں۔

۲۔ بری طرح ترتیب دیا گیا فرنیچر

کبھی کبھار ہمارا گھر صرف اس وجہ سے گندا لگتا ہے  کیوں کہ ہم اپنے فرنیچر کی ترتیب پر دھیان نہیں دیتے۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ صرف اپنے سوفوں کی ترتیب بدل کر آپ کتنی جگہ بچا سکتے ہیں، تو یہ وقت ہے کہ آپ کاغذ اور قلم اٹھا لیں۔ گھر کے ہر انچ کا حساب ہونا ضروری ہے سو اپنا کمرہ ناپیں، فرنیچر کا ناپ لیں، اپنا فرش کاغذ پر بنائیں اور سوچیں کہ آپ فرنیچر کو کس طرح ترتیب دے کر جگہ کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ ایک ایسی ترتیب حاصل کر لیں گے جو متحرک اور آرام دہ ہو، اور چلنے پھرنے کی جگہ بھی بچائے۔

۳۔ ناکافی روشنیاں

روشنی گھر کے ان سب سے اہم عناصر میں سے ایک ہے جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ ایک اندھیرا گھر بھرا ہوا اور چھوٹا لگے گا، تو شاید یہ روشنی کی تمام نئی تنصیبات کے بارے میں سوچنے کا وقت ہے۔ اپنے گھر کے ہر کونے کا روشن ہونا یقینی بنائیں اور آپ کو اپنا کمرہ اپنے گرد پھیلتا ہوا محسوس ہو گا۔ گھر میں قدرتی روشنی کی موجودگی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ قدرتی روشنی آپ کے گھر کو تازہ اور ہوادار رکھے گی، تو فالتو پردوں سے جان چھڑائیں اور گھر کو ایسے ترتیب دیں کہ کوئی بھی چیز کھڑکیوں سےآتی روشنی کا راستہ نہ روکے۔

۴۔ ناپسندیدہ رنگ

یہ پچھلی تجویز سے تعلق رکھتی ہے کیوں کہ یہ آپ کے گھر کو ہلکا اور روشن بنانے کے بارے میں ہے۔ یہ اہم ہے کہ اپنے گھر کو گہرے رنگوں سے سجاتے وقت احتیاط برتی جائے، یہ نفیس اور عمدہ تو لگتے ہیں مگر یہ آپ کے گھر کی ساری روشنی جذب کر کے اسے ٹھنڈا اور اندھیرا بنا دیتے ہیں۔ گہرے رنگوں کے بارے میں سوچتے وقت کسی پیشہ ور کی رہنمائی ضرور حاصل کریں، مگر اس سے بھی آسان یہ ہو گا کہ آپ ہلکے اور شوخ رنگوں کا استعمال کریں جو سارے گھر میں روشنی منعکس کریں گے، خاص کر باتھ روم اور کچن جیسے چھوٹے کمروں میں۔

۵۔ جگہ کا غیر عملی استعمال

یہ ترکیب خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جن کے گھر میں ایک آفس ہوتا ہے جہاں وہ بہت سے کاغذ، کتابیں یا کام کا سامان رکھتے ہیں۔ آفس جتنا ہو سکے اتنا کھلا اور سادہ ہونا چاہیے تا کہ فرش پر چلنے پھرنے کی جگہ رہے۔، فالتو فرنیچر سے بچنے کے لیے شیلف ایک اچھا حل ہیں کیوں کہ یہ فرش پر جگہ گھیرے بغیر سامان رکھنے کی جگہ فراہم کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کا فرنیچر جتنی ہو سکے اتنی سامان رکھنے کی جگہ فراہم کرے اور کمرے کو منظم رکھنا مت بھولیں۔

۶۔ ایک سے زیادہ کام کرنے والا فرنیچر آپ کا بہترین دوست ہے

جیسا کہ ہم نے پہلے کہا کہ آپ اپنے گھر میں جو بہترین کام کر سکتے ہیں ان میں سے ایک فرنیچر کی تعداد کم کرنا ہے۔ خوش قسمتی سے ایسا بہت سا نیا سامان موجود ہے جسے آپ استعمال میں لا سکتے ہیں۔ اس تنصیب کردہ کٹنگ بورڈ جیسا ایک سے زیادہ کام کرنے والا فرنیچر بہت سی ضروریات کو اکٹھا کر دیتا ہے، سامان رکھنے کی جگہ کو چھوٹا کرتا ہے اور گھر کی کھلی جگہ کو بڑھاتا ہے۔ تمام دستیاب انتخابات پر ایک نظر ڈالیے اور ہمیں یقین ہے کہ آپ اپنے چھوٹے گھر کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور ڈھونڈ لیں گے۔

۷۔ بڑا اور پرانے انداز کا فرنیچر

یہ تھوڑا مشکل کام ہے۔ یہ شاید آپ کو تھوڑی تکلیف تو دے مگر یہ اس دیوقامت الماری سے جان چھڑانے کا وقت ہے جو آپ کی دادی نے پچاس سال پہلے خریدی تھی۔ یہ سچ ہے کہ ہمیں قدیم فرنیچر بہت پسند ہے مگر یہ بھی سچ ہے کہ یہ کافی بڑا اور بھاری ہوتا ہے اور یہ تو آپ کو سوچنے کی بھی ضرورت نہیں کہ یہ آپ کی جگہ کے لیے کتنا نامناسب ہے۔ چھوٹے اور ہلکے فرنیچر کے بارے میں سوچیں جو سارا کمرہ بھرے بغیر آپ کے گھر میں پورا آ جائے۔ ہمارا وعدہ ہے کہ آپ کی دادی بات سمجھ جائیں گی۔

امید کرتے ہیں کہ ان تراکیب نے آپ کو جگہ کے زیادہ سے زیادہ استعمال میں مدد کی ہو گی کیوں کہ سب کے گھروں کو آرام دہ ہونا چاہیے۔ مزید تجاویز کے لیے دیکھیے: سجاوٹ کی ۹ تجاویز جو آپ کے گھر میں نئی روح پھونک دیں گی۔

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine